چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر نے ہم خیال سیاسی جماعتوں کو آپس میں قریب لانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز پیش کر دی ہے۔ اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ملک اور فوج ہم سب کی ہے، ہم پہلے بھی ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہاتھ ملانے سے راستے بنتے ہیں اور بات چیت سے مسائل کا حل نکلتا ہے، موجودہ ملکی حالات جامع مذاکرات کا تقاضا کر رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا کہ ایک صوبے کو تمام وسائل دیے جا رہے ہیں جبکہ ہمارے صوبے کو اس کا جائز حق نہیں مل رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی کرپشن رپورٹ پر کوئی بات نہیں ہو رہی اور وفاق کے ذمے واجب الادا رقوم صوبے کو ملنی چاہئیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کا جنازہ نکال دیا گیا ہے اور اپوزیشن کے لوگ پنجاب میں رہائش اختیار نہیں کر سکتے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ آئین پر عمل کیے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا، معاشی استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور آئین کی بحالی کے لیے جدوجہد ناگزیر ہے۔





