مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنا مقدمہ خود خراب کیا، جس کی وجہ سے آج ان کے حق میں کوئی بھی ضمانت دینے کو تیار نہیں۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جھگڑے اور انتشار ملک کو کبھی آگے نہیں لے جا سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو آگے آ کر ملکی حالات سنبھالنے چاہئیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچا۔
خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ سیاسی عدم استحکام نے ملک کو شدید نقصان پہنچایا اور اب وقت آ گیا ہے کہ سیاست میں سنجیدگی اور برداشت کو فروغ دیا جائے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملک کو اس وقت نیشنل ڈائیلاگ اور سیاسی میثاق کی اشد ضرورت ہے کیونکہ سیاسی اور معاشی استحکام کے بغیر کوئی بھی ملک ترقی نہیں کر سکتا۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات ایک سازش کے تحت کیے گئے، سیاسی عدم استحکام اس وقت پیدا ہوتا ہے جب سیاسی جماعتیں باہمی مکالمے سے انکار کرتی ہیں۔





