پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ ایشیا کپ جیتنے کے بعد اگلا ہدف زمبابوے میں ہونے والی تین ملکی سیریز جیتنا اور اس کے بعد ورلڈ کپ اپنے نام کرنا ہے۔
فرحان یوسف نے کہا کہ ایشیا کپ جیتنے پر انہیں اور ٹیم کو بے حد خوشی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فائنل میں ٹاس ہارنے پر مایوسی ضرور ہوئی، تاہم بیٹنگ کی دعوت ملنے پر خوشی ہوئی کیونکہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار دکھائی دے رہی تھی۔ ان کے مطابق ٹیم نے پہلے سے طے شدہ حکمت عملی پر عمل کیا جس کا فائدہ ہوا۔
فرحان یوسف نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 347 رنز بنانے سے ٹیم کا اعتماد بڑھ گیا تھا، جس کے بعد بولرز کو ہدایت دی گئی کہ ہدف کو 250 رنز تصور کر کے جارحانہ بولنگ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بولرز نے اسی سوچ کے ساتھ بولنگ کی اور بروقت وکٹیں حاصل کیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی اور بھارتی شائقین کی بڑی تعداد میں موجودگی میں فائنل کھیلنا ایک یادگار تجربہ رہا جس سے میچ کا لطف مزید بڑھ گیا۔





