جون 16, 2026

خواہش ہے کہ ڈنگہ کو ایک خوبصورت اور ماڈل شہر بنایا جائے: چوہدری اعجاز احمد رنیاں کی سٹی 53 نیوز سے گفتگو

ڈنگہ ( میاں احتشام اللہ اسلم) مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور پی اے چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے ڈیرہ ڈنگہ پر روزنامہ سٹی 53 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی دلی خواہش ہے کہ ڈنگہ کو ایک خوبصورت اور ماڈل شہر بنایا جائے اور شہر کے اسٹیٹس میں نمایاں اضافہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈنگہ میں میجر اکرم شہید سپورٹس اسٹیڈیم، مریم نواز پارک اور ٹراما سنٹر پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ شہر کو خدمت مرکز ڈنگہ کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے جو عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔

چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ ڈنگہ میں داخل ہونے والے افراد کو شہر کے داخلی راستوں پر خوبصورت آرائشی گیٹ نظر آئیں، اور اس منصوبے کو وہ عملی شکل ضرور دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کولیاں روڈ، تھانہ روڈ اور کمپلیکس روڈ کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد میجر اکرم شہید چوک، کولیاں چوک اور لال قلعہ چوک میں شاندار آرائشی گیٹس تعمیر کیے جائیں گے۔

انہوں نے معززینِ شہر سے اپیل کی کہ وہ شہر کو خوبصورت بنانے کے لیے آگے بڑھیں اور آرائشی گیٹس کے لیے فنڈز فراہم کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو حضرات اپنے بزرگوں کے نام سے گیٹ بنوانا چاہیں گے، اس گیٹ کو انہی کے بزرگ کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔

چوہدری اعجاز احمد رنیاں نے مزید کہا کہ فوارہ چوک کا نام تو رکھا جا چکا ہے، تاہم وہاں فوارہ موجود نہیں، جسے جلد ایک شاندار ماڈل چوک کی شکل دے کر فوارہ نصب کیا جائے گا۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے 35 سال تک ڈنگہ کے نام پر ووٹ حاصل کیے، وہ اقتدار کے مزے تو لوٹتے رہے مگر شہر کو خوبصورت نہ بنا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ڈنگہ کو ایک آئیڈیل شہر بنانے کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لاتے رہیں گے

اس موقع پر راہنما پاکستان مسلم لیگ ق مرزا تجمل نوید سیئو بھی موجود تھے