جون 22, 2026

9 مئی کیس: شاہ محمود قریشی بری، پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کو 10، 10 سال قید

انسدادِ دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کے ایک مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا ہے۔

عدالت نے کلب چوک، جی او آر گیٹ پر حملے سے متعلق مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے شاہ محمود قریشی کے خلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر بریت کا حکم دیا۔ اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے یہ فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں سنایا۔

دوسری جانب انسدادِ دہشتگردی عدالت نے اسی مقدمے میں ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق کیس کے دوران ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت 21 ملزمان کے حتمی بیانات قلمبند کیے گئے، جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے 56 گواہوں کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

دورانِ سماعت چار ملزمان کو اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔ عدالت نے مجموعی طور پر شاہ محمود قریشی سمیت 13 ملزمان کو بری کیا، جبکہ 8 ملزمان کو دس، دس سال قید کی سزائیں سنائی گئیں۔