جون 22, 2026

بھارت میں پیش آنے والے واقعے پر عظمیٰ بخاری کا ردعمل، دو قومی نظریہ ایک بار پھر واضح ہو گیا

وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بھارتی ریاست بہار کے وزیرِ اعلیٰ کے حالیہ عمل نے دو قومی نظریے کی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں، جہاں عزت، آزادی اور انسانی وقار کی قدر کی جاتی ہے، اس لیے ہمیں اپنے ملک اور آزادی کی قدر کرنی چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ایک خاتون افسر کی عزت افزائی کی ویڈیو بھی شیئر کی اور کہا کہ پاکستان میں خواتین کو عزت اور احترام دیا جاتا ہے۔ انہوں نے اس عمل کو مہذب اور باوقار رویے کی مثال قرار دیا۔

واضح رہے کہ تین روز قبل بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں ایک تقریب کے دوران بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک مسلمان خاتون ڈاکٹر کا نقاب کھینچ دیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ تقریب بھارت کی روایتی اور دیسی طریقہ علاج کی وزارت ’آیوش‘ کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی تھی، جہاں آیوش ڈاکٹروں کو تقرر نامے دیے جا رہے تھے۔

اس واقعے پر بھارتی سیاسی رہنماؤں، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے شرمناک اور قابلِ مذمت قرار دیا۔ بعد ازاں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق لکھنو میں سماجوادی پارٹی کی رہنما سمیہ رانا نے نتیش کمار کے خلاف مقدمہ دائر کروایا ہے۔