گھوٹکی میں گڈو کشمور روڈ پر ڈاکوؤں نے مسافر بس پر حملہ کر کے 18 مسافروں کو اغوا کر لیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ مرید شاخ کے قریب پیش آیا جہاں مسلح ڈاکوؤں نے بس کو روک کر فائرنگ کی اور مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بس میں 25 مسافر سوار تھے جن میں خواتین بھی شامل تھیں، تاہم ڈاکو خواتین کو چھوڑ کر 18 مرد مسافروں کو اپنے ساتھ لے گئے۔ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بس کے شیشے ٹوٹ گئے، جس سے مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کو ڈاکوؤں کے تعاقب میں روانہ کر دیا گیا ہے، جبکہ مغویوں کی بازیابی کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔





