اسلام آباد : پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ایف ایم 90این ای آر سطح آب سے فضا تک مار کرنے والے میزائل کی کامیاب لائیو فائرنگ کے ذریعے اپنی جنگی صلاحیت اور آپریشنل تیاری کا شاندار مظاہرہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق فائر پاور کے اس مظاہرے کے دوران انتہائی تیزی سے فضائی اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔ یہ لائیو میزائل فائرنگ پاک بحریہ کی آپریشنل صلاحیت اور حربی تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
کمانڈر پاکستان فلیٹ، ریئر ایڈمرل عبد المنیب نے فائر پاور ڈسپلے کا مشاہدہ کیا اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے فائرنگ میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، عزم اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک بحریہ ہر صورت ملکی سمندری دفاع اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔
ریئر ایڈمرل عبد المنیب نے یقین دلایا کہ پاک بحریہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔





