آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے صوبے بھر میں سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد تمام اضلاع میں ہائی الرٹ کا حکم جاری کر دیا ہے۔ لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر بڑے شہروں میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ آئی جی پنجاب کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبے کے تمام علاقوں میں فوری طور پر سوئپ اینڈ کومبنگ آپریشنز شروع کیے جائیں۔
ڈاکٹر عثمان انور نے حکم دیا کہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کومبنگ آپریشنز کریں تاکہ کسی بھی مشتبہ سرگرمی کو بروقت روکا جا سکے۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سی ٹی ڈی اور دیگر ادارے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں فرضی مشقیں (Mock Exercises) بھی کرائیں تاکہ ہنگامی حالات میں ردعمل بہتر بنایا جا سکے۔
آئی جی پنجاب نے واضح ہدایت دی کہ تعلیمی اداروں کے اندرونی اور بیرونی دروازوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں، سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی یقینی بنائی جائے اور ایمرجنسی انخلا کے موثر انتظامات کیے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے کہا کہ صوبے میں باہر سے آنے والے تمام افراد کی پروفائلنگ اور ڈیٹا چیکنگ فوری طور پر کی جائے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ٹی ایل پی سمیت تمام کالعدم تنظیموں کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رکھی جائے، جبکہ دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف کارروائی میں تیزی لاتے ہوئے ڈور ناکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔





