گجرات (مرزا عامر بیگ سے) چیئرمین پاکستان یونین ناروے چوہدری قمر اقبال نے سٹی صدر مسلم لیگ ق گجرات علی ابرار جوڑا سے خصوصی ملاقات کی، اس موقع پر اوورسیز پاکستانی چوہدری ارشد مہر امریکہ، چوہدری اکرم بجاڑ سیکرالی،چوہدری منشاء خان اتم، چوہدری شہر یاربھی موجودتھے۔جس میں اوورسیز پاکستانیوں کے بڑھتے ہوئے مسائل، اُن کے حل کے لیے نئے اقدامات اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرونِ ملک بسنے والے پاکستانی نہ صرف ملکی معیشت کا مضبوط ستون ہیں بلکہ پاکستان کے عالمی تشخص اور ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اس لیے اُن کے مسائل کے حل کے لیے جامع اور مسلسل اقدامات کی ضرورت ہے ملاقات کے دوران چوہدری قمر اقبال نے تجویز پیش کی کہ گجرات میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک بڑا کنونشن منعقد کیا جائے، جس میں وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین خصوصی شرکت کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ کنونشن اوورسیز پاکستانیوں کو براہِ راست اپنے مسائل اور تجاویز حکومتی نمائندوں تک پہنچانے کا بہترین ذریعہ ثابت ہوگا۔ چوہدری قمر اقبال کے مطابق ”اوورسیز پاکستانی ہمارے ملک کا اثاثہ ہیں، اُن کے مسائل کے لیے مربوط پلیٹ فارم کا ہونا انتہائی ضروری ہے تاکہ اُن کی آواز براہِ راست حکومت تک پہنچ سکے۔“چوہدری قمر اقبال نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیدادوں کے تنازعات کے حل کے لیے سپیشل کورٹس کے قیام کا خیرمقدم کیا۔ ان عدالتوں میں مقدمات کو تین ماہ میں نمٹانے کی پالیسی کو انہوں نے ”قابلِ فخر اور وقت کی ضرورت“ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے امید کی نئی کرن ہے جو برسوں سے زمینوں اور وراثتی تنازعات میں پھنسے ہوئے ہیں حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے چوہدری قمر اقبال نے کہا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو ان عدالتوں کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ”سپیشل کورٹس کا قیام بہترین اقدام ہے لیکن اس کا اصل فائدہ تب ہوگا جب ان کا مکمل چیک اینڈ بیلنس رکھا جائے تاکہ فیصلے واقعی تین ماہ میں ہوں اور کسی قسم کی بے ضابطگی کی گنجائش باقی نہ رہے۔

“انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ہر سرکاری دفتر میں تیز ترین سروسز فراہم کرنے کے لیے تمام محکموں میں فاسٹ ٹریک کاؤنٹرز قائم کیے جائیں۔ ان کے مطابق اس نظام سے اوورسیز پاکستانی لمبی قطاروں، تاخیری حربوں اور غیر ضروری دفتری رکاوٹوں سے بچ سکیں گے، جس سے ان کی شکایات میں نمایاں کمی آئے گی۔گفتگو کے دوران سٹی صدر مسلم لیگ ق علی ابرار جوڑا نے چوہدری قمر اقبال کی تجاویز سے مکمل اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ”پاکستان کی ترقی میں اوورسیز کمیونٹی کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ ہم اُن کے مسائل کو اولین ترجیح پر رکھتے ہیں اور پیش کردہ تجاویز بھی چوہدری شافع حسین اور چوہدری سالک حسین تک پہنچائی جائیں گی۔“علی ابرار جوڑا نے یہ بھی یقین دہانی کروائی کہ وہ اپنی پوری ضلعی کابینہ سے مشاورت کے بعد گجرات میں اوورسیز کنونشن کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنونشن نہ صرف مسائل کے حل کی راہ ہموار کرے گا بلکہ اوورسیز پاکستانیوں کا اعتماد بحال کرنے میں بھی سنگِ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ سپیشل کورٹس کی مانیٹرنگ ٹیم بنانے کے حوالے سے بھی پارٹی قیادت سے مشاورت کی جائے گی تاکہ اس نظام کو موثر بنایا جا سکے اور اوورسیز پاکستانیوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اوورسیز پاکستانیز کے حقوق کے تحفظ اور اُن کے مسائل کے فوری حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔





