گجرات (پ۔ر)جامعہ گجرات کی UOGڈیبیٹنگ سوسائٹی اور سٹوڈنٹ سروسز سنٹر کے اشتراک سے ماڈل یونائٹڈ نیشنز MUNکے حوالہ سے ایک پُروقار تقریبِ مباحثہ کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ تقریبِ مباحثہ کا مقصد طلبہ کو زندگی کے عملی میدانوں میں قومی اور عالمی مسائل کوزیرِبحث لاتے ہوئے گفت و شنید اور بحث ومباحثہ کے فن میں اضافہ کے طریق کار سے روشناسی تھا۔جامعہ گجرات میں منعقدہ MUNمیں مختلف شعبوں کے طلبہ نے بطور مندوبین حصہ لیتے ہوئے پاکستان کی قومی اسمبلی کی حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے نمائندگان کا کردار ادا کرتے ہوئے کوئی بل یا قرارداد پیش کرنے اور اس پر بحث مباحثہ کے بعد رد کئے جانے یا منظور ہونے کے حوالہ سے ہونے والے تمام عمل میں حصہ لیتے ہوئے اپنی قائدانہ صلاحیتوں،قائل کرنے کے فن،مبحث و معاملات کو اسمبلی میں پیش کرنے کے طریق کار اور عوامی سطح پر خوشنودی حاصل کرنے کے ذرائع سے واقفیت حاصل کی۔تمام طلبہ مندوبین نے نہایت اعتماد، تحقیقی استعداد اور فن تقریر و ابلاغ عامہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے MUN کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اسمبلی سیشن میں مختلف کمیٹیوں میں متحرک بحثیں اور پالیسی پر غور و خوض طلبہ کی عصری قومی امور بارے دانش اور سمجھ بوجھ کو ظاہر کرتا ہے۔یاد رہے کہ MUNکے سلسلہ میں منعقدہ محفل مباحثہ کے ذریعے طلبہ قومی و عالمی مسائل پر بحث کرنے کے لیے مختلف ممالک یا تنظیموں کی نمائندگی کرنے والے مندوبین کے طور پر کردار ادا کرتے ہیں۔ شرکا حقیقی اقوام متحدہ کے طریق کار کی پیروی کرتے ہوئے اپنے تفویض کردہ ملک کے حوالہ سے زیر بحث مسئلہ کی تحقیق کے ذریعے پوزیشن پیپرز تیار کرنے اور قراردادیں تخلیق کرنے کے لیے بحث، گفت و شنید اور سفارت کاری میں مشغول ہوتے ہوئے سفارت کاری، عوامی تقریر، تنقیدی سوچ اور بین الاقوامی تعلقات کو سمجھنے کی مہارتوں سے روشناسی حاصل کرتے ہیں۔ MUNطلبہ کوقومی و عالمی پالیسی سازی کی حرکیات کا تجربہ کرنے کے لیے ایک پرکشش پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔پاکستان کی قومی اسمبلی کے اس مماثل اجلاس کی نگرانی اور معاونت کا فریضہ سکول آف لا کے سابق طالب علم تنویر الحسن نے سرانجام دیا۔MUNکے کامیاب انعقاد پر SSC کے سینیئر عہدیدار خرم ارشاد نے مہمان اعزازی تنویر الحسن کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔





