نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں مجوزہ امن فورس کے لیے فوج بھیجنے کو تیار ہے، تاہم اس کے لئے پہلے فورس کے ٹی او آرز، مینڈیٹ اور کردار کو واضح طور پر طے کرنا ضروری ہے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کو غیر مسلح کرنا پاکستان کی ذمہ داری نہیں بنتی، یہ معاملہ فلسطینی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ حماس کو غیر مسلح کرنے سے متعلق تحفظات انڈونیشیا نے بھی ظاہر کیے ہیں، اس لیے اس نکتے پر مزید مشاورت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے عالمی امن مشنز میں بھرپور کردار ادا کرتا آیا ہے اور فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے، تاہم کسی بھی امن فورس کا مقصد صرف اور صرف فلسطینیوں کے تحفظ اور انسانی امداد کی فراہمی ہونا چاہیے۔





