اکتوبر 29, 2026

منڈی بہاءالدین: سموگ کی روک تھام کے حوالے سے ست سرا کے مقام پر آگاہی واک کا انعقاد

منڈی بہاءالدین ( ڈاکٹر شاہد راٹھور) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب اور سموگ کی روک تھام کے حوالے سے ست سرا کے مقام پر آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاءالدین عدنان بشیر وڑائچ، ڈسٹرکٹ ہیڈ ڈائیوو مدثر جاوید، آفیسر جی ڈبلیو ایم سی ارشد ڈوگر، ڈائیوو تحصیل مینجر عبدالغفور سمیت ٹیم ممبران نے بھر پور شرکت کی۔ واک میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر سموگ سے بچاؤ اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کے حوالے سے پیغامات درج تھے۔

اس موقع پر شہریوں میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے، جن پر ماسک کے استعمال، غیر ضروری آگ جلانے سے پرہیز اور شجرکاری کی اہمیت کے حوالے سے تحریر درج تھیں۔واک شہر کے مختلف راستوں سے گزرتی ہوئی مین روڈ پر اختتام پذیر ہوئی جہاں ٹیموں نے دکانداروں کو بھی سموگ سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر عدنان بشیر وڑائچ کا واک کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معاشرے کیلئے سموگ ایک سنگین ماحولیاتی چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے شہریوں کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سموگ کے تدارک کے لیے سخت اقدامات کئے جا رہے ہیں اور عوام الناس میں شعور کیلئے آگاہی مہم چلائی جا رہی ہیں، عوام الناس کو بھی چاہیئے کہ وہ سموگ کے خاتمے کے حوالے سے اقدامات کریں اور آگاہی مہم کا حصہ بنیں۔

ڈسٹرکٹ ہیڈ ڈائیوو مدثر جاوید، آفیسر جی ڈبلیو ایم سی ارشد ڈوگر کا کہنا تھا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے خصوصی پلان پر کام کر رہی ہے، شہری صفائی ستھرائی کے حوالے سے تعاون کریں۔ شرکاء نے سموگ سے بچاؤ، دھوئیں کے اخراج میں کمی اور ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا