نومبر 25, 2025

لاہور ہائی کورٹ نے عمران خان کی 9 مئی کیس یکجا کرنے کی درخواست بحال کر دی

لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9 مئی کے مقدمات کو ایک ہی کیس میں یکجا کرنے کی درخواست بحال کر دی۔ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اختیار کیا کہ رجسٹرار آفس کا رویہ سمجھ سے باہر ہے اور ان کا نام کاز لسٹ میں شامل نہیں کیا جاتا۔ اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے بارے میں پریس میں غلط خبریں دینے کی بجائے وکیلوں کو عدالت کے طریقہ کار کا احترام کرنا چاہیے، گزشتہ سماعت پر کیس کال ہوا مگر کوئی وکیل موجود نہیں تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت چہرہ دیکھ کر کیس نہیں سنتی اور عدالت سے ملنے والا ریلیف بھی سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہڑتال کے باوجود عدالت کے تمام کیسز لگے تھے جبکہ وکلا کی غیر حاضری بلاجواز تھی۔ عدالت نے عدم پیروی پر خارج کی گئی درخواست بحال کرتے ہوئے مرکزی درخواست کو 25 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم جاری کر دیا۔