اسلام آباد میں حکومت نے وفاقی سطح پر سائبر سکیورٹی اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے وزارتِ آئی ٹی نے سائبر سکیورٹی ایکٹ کا ابتدائی مسودہ تیار کرکے اسٹیک ہولڈرز کو مشاورت کے لیے ارسال کردیا ہے۔ وزارتِ آئی ٹی کے مطابق نیشنل سائبر سکیورٹی پالیسی ملک بھر میں ڈیجیٹل تحفظ کا جامع فریم ورک فراہم کرتی ہے اور اس پر عمل درآمد ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پروگرام کے تحت جاری ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ سکیور ڈیٹا ایکسچینج لیئر اور ڈیجیٹل شناخت کے منصوبوں میں پیش رفت ہو چکی ہے، جبکہ نادرا، ایف بی آر اور ٹیلی کام کا ڈیٹا اہم ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق نئی اتھارٹی اہم قومی انفرا اسٹرکچر کے لیے سکیورٹی تجاویز تیار کرے گی اور ملک بھر میں سائبر سکیورٹی کے اقدامات نافذ کرنے کی ذمے دار ہو گی۔




