وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول پر لیوی میں 60 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے جس کے نتیجے میں پیٹرولیم لیوی بڑھ کر 79 روپے 62 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ نئے نرخوں کا اطلاق 16 نومبر سے کر دیا گیا ہے۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں ایک روپے 60 پیسے فی لیٹر کمی کی ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی کم ہو کر 75 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جو اس سے قبل 77 روپے ایک پیسہ فی لیٹر تھی۔
حکومت نے 16 نومبر سے ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے کا اضافہ بھی کیا ہے جس سے ڈیزل کی نئی قیمت 284 روپے 44 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول کی موجودہ قیمت کو برقرار رکھا جائے گا، جس سے صارفین پر اضافی بوجھ پڑنے سے وقتی طور پر گریز کیا جائے گا۔





