نومبر 1, 2026

اسرائیل کو مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دی جائے گی: صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دوٹوک اعلان

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واضح کر دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو مغربی کنارے کے انضمام کی اجازت نہیں دیں گے۔

اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’’اب بہت ہو چکا ہے، یہ سلسلہ رکنا چاہیے‘‘۔ انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے بھی بات ہوئی ہے اور انہیں واضح کر دیا گیا ہے کہ کسی صورت انضمام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر عرب رہنماؤں کو بھی یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اسرائیل کے مغربی کنارے کے انضمام کے منصوبے کی مخالفت کریں گے۔

رپورٹس کے مطابق حالیہ دنوں اسرائیلی حکام نے عندیہ دیا تھا کہ ان کی حکومت مغربی کنارے کے بعض حصوں پر کنٹرول حاصل کرنے کے اقدامات کر سکتی ہے، تاہم صدر ٹرمپ نے اس پر سخت موقف اپنایا ہے۔

گزشتہ روز امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ اسٹیو وٹکوف نے بھی کہا کہ صدر ٹرمپ کی مسلم رہنماؤں سے ملاقات مثبت رہی اور توقع ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے خاتمے کی کوششوں میں جلد پیش رفت ہو گی۔