جون 3, 2026

ٹرینیڈاڈ میں فیصلہ کن شکست، ویسٹ انڈیز نے 33 سال بعد پاکستان سے ون ڈے سیریز جیت لی

ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز کے بڑے فرق سے ہرا کر تین میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کر لی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، جہاں ویسٹ انڈیز نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔ کپتان شائی ہوپ نے شاندار 120 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ جسٹن گرویوز 43 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے دو، جبکہ محمد نواز اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ لی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پانچ کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ سلمان علی آغا 30 اور محمد نواز 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ویسٹ انڈیز کے جیڈن سیلز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔

اس کامیابی کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 33 سال بعد ون ڈے سیریز اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کیا