جدہ: وزیراعظم شہبازشریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعظم شہباز شریف بدھ کو وفدکے ہمراہ 4 روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں مکہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔بعد ازاں وزیراعظم شہبازشریف کی جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی سرمایہ کاری اور تجارتی امور پر بات چیت ہوئی۔ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی ،دونوں رہنماؤں نے پاک سعودی عسکری تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی بات چیت کی۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر بھی وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ تھے۔واضح رہے کہ دورہ سعودی عرب میں وزیراعظم شہباز شریف کے وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزرا بھی شامل ہیں۔وزیراعظم عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے اور روضہ رسولﷺ پر حاضری بھی دیں گے





