منڈی بہاؤ الدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مویشی پال حضرات کیلئے ضلع منڈی بہاء الدین میں بھی وزیراعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کی تقسیم کا آغاز کر دیا گیا،لائیو سٹاک کارڈ کی تقسیم کا افتتاح مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاء الدین ندیم بلوچ اور نمائندہ ممبر قومی اسمبلی بیرسٹر چوہدری عبداللہ مانک بوسال نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک منڈی بہاء الدین ڈاکٹر محمد رضوان، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک پھالیہ ڈاکٹر مسعود اختر، ڈپٹی ڈائریکٹر ملکوال وقاص احمد سمیت کسان پال حضرات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ اور نمائندہ ممبر قومی اسمبلی بیرسٹر چوہدری عبداللہ مانک بوسال کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبہ کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات بروئے کا ر لارہی ہیں، کسانوں کے معیار زندگی کی بہتری کیلئے لائیو سٹاک کارڈ وزیراعلی پنجاب کا احسن اقدام ہے، جس سے مویشی پال حضرات مستفید ہوں گے۔ لائیو سٹاک کارڈ سکیم چار ماہ کی مدت کے دورانیہ پر مشتمل مویشی پال کسانوں کو گائے اور بھینس کے نر بچھڑوں کو فربہ کرنے کیلئے متعارف کروائی گئی ہے۔ ایسے کسان جن کے پاس 5 سے 10 نر بچھڑے ہوں، وہ لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے بلا سود فی جانور 27,000 روپے سے ونڈا، سائیلج، اور منرل مکسچر جیسے فیڈ سپلیمنٹ خرید سکتا ہے۔پہلے مرحلے میں 20 ہزار مویشی پال اس منصوبہ سے مستفید ہوں گے۔یہ منصوبہ گوشت کی پیداوار اور برآمدات بڑھانے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر کسان پال حضرات نے وزیراعلی پنجاب لائیو سٹاک کارڈ کی شفاف تقسیم کے عمل کی تعریف کی۔





