جون 13, 2026

جنوبی کوریا کے صدر نے ملک میں مارشل لاء نافذ کردیا

جنوبی کوریا کے صدر یون سوک ییوول نے ملک میں مارشل لاء نافذ کر دیا۔ سیول سے خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کے صدر کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی طرف جھکاؤ رکھنے والی اپوزیشن ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ اپوزیشن کی ریاست مخالف سرگرمیوں کے باعث مارشل لا نافذ کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کے صدر نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کی طرف جھکاؤ رکھنے والی اپوزیشن پارلیمنٹ پر قابض تھی۔ادھر دوسری جانب جنوبی کوریا صدرکی جانب سے ملک میں مارشل لا لگانے پر سیول میں اپوزیشن لیڈر لی جائے مائیونگ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ پارلیمنٹ صدر کے مارشل لا کے حکم کو کالعدم کرنےکی کوشش کرے گی۔پارلیمنٹ میں جنوبی کوریا کے اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا تھا کہ فوج ارکان پارلیمنٹ کو گرفتار کرنے کی کوشش کر سکتی ہے۔سیول سے مقامی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ کا داخلی دروازہ بند کر دیا گیا ہے، اور ارکان پارلیمنٹ کو داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔