منڈی بہاوالدین، (ڈاکٹر شاہد راٹھور سے ) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد یوسف ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹر افتخار، ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد عباسی اور دیگرمحکموں کے افسران نے شرکت کی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد عابد یوسف اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار نے اجلاس کو ان ڈور، آﺅٹ ڈور ڈینگی سرویلنس، ڈینگی سپرے، انسداد ڈینگی سے متعلق ادویات کے سٹاک،مشتبہ کیسز،ڈینگی لاروا سائیٹس کے معائنہ کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ26 اگست سے 31 اگست 2024 تک 518 ٹیموں نے ان ڈور سرویلینس کے تحت41 ہزار 684 گھروں کو چیک کیا جبکہ 65آﺅٹ ڈورٹیموں نے5 ہزار273 گھروںکو چیک کیا۔انہوں نے بتایا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی اقدامات نہ کرنے پر75نوٹسز بھی جاری کئے گئے جبکہ ایک ریسٹورنٹ سے مثبت لاروا ملنے پر ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کروا کر گرفتار کروا دیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کا کہنا تھا کہ موجودہ موسم ڈینگی کی افزائش کیلئے موزوں ہے،ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش کے پیش نظر اینٹی ڈینگی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر سرویلینس کو مزید تیز کریں۔قبرستانوں ، کباڑخانوں، ٹائر شاپس، جوہڑوں اور زیر تعمیر عمارتوں میں لاروی سائیڈنگ کا کام مستقل بنیادوں پر جاری رہنا چاہیئے۔تمام محکمے ٹیم ورک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈینگی کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ جن جگہوں سے لاروا برآمد ہو یااس کی افزائش کا باعث بننے والوں کو نوٹسز جاری کئے جائیں،
اس معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔





