جہلم(چوہدری سالک پسوال) انسداد ڈینگی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم صبا سحر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع جہلم میں اس سال ڈینگی کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا، ضلع بھر میں ڈینگی کے خلاف سرویلنس بھرپور انداز میں جاری ہے اور ہر علاقے میں ٹیمیں فعال ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی سرگرمیاں رپورٹ کرنے والے ملازمین کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے تاکہ اس اہم مسئلے پر کوئی کوتاہی نہ ہو۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موسم برسات میں ڈینگی پھیلنے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے، اس لیے تمام متعلقہ ادارے پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دیں، ڈینگی کی روک تھام کے لیے عوام میں آگاہی مہم کو بھی مزید تیز کیا جائے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ترغیب دی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے گھروں اور آس پاس کے علاقوں کو صاف ستھرا رکھیں اور پانی جمع نہ ہونے دیں تاکہ ڈینگی لاروا کی افزائش کو روکا جاسکے۔





