جون 7, 2026

منڈی بہاؤالدین: ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلعی فلاح و بہبود اور ضلعی بحالی و تربیتی کمیٹی برائے خصوصی افراد کا اجلاس

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلعی فلاح و بہبود اور ضلعی بحالی و تربیتی کمیٹی برائے خصوصی افراد کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں خصوصی افراد کی بحالی کے لیے مالی امداد، گورنمنٹ و پرائیویٹ اداروں میں ملازمت، ریمپس، واش رومز، وہیل چیئر و دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عاطف علی وڑائچ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم فرد ہیں جنہیں کسی بھی طرح نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔حکومت پنجاب معذور افراد کا معیار زندگی بلند کرنے اور ان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے تمام تر ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کو ہدایت کی کہ وہ سرکاری و پرائیویٹ اداروں میں خصوصی افراد کی ملازمتوں کے تین فیصد کوٹہ پر بھرتی کو یقینی بنائیں۔اجلاس میں معذور افراد کے نمائندگان نے در پیش مسائل کے بارے میں ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا، جس پر انہوں نے جائز مسائل کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔