منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے گورنمنٹ چلڈرن ہسپتال منڈی بہاوالدین کا اچانک دورہ کیا۔ اپنے دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، فارمیسی، حاضری رجسٹر، مختلف وارڈز سمیت سکیورٹی کا جائزہ لیا اور لواحقین سے طبی عملہ کے رویہ، ادویات کی فراہمی اور طبی سہولیات کی فراہمی بارے دریافت کیا۔انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر ایم ایس چلڈرن ہسپتال ڈاکٹر عمیر اخترنے بتایا کہ چلڈرن ہسپتال کی بہتری اور ہسپتال میں مریض بچوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق ضلع بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو صحت کی بہترین، بر وقت اور مفت طبی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے،انہوں نے ایم ایس کو ہدایت کی کہ مریضوں کیلئے بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔





