جون 3, 2026

جہلم:کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی ریلی، ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے قیادت کی

جہلم(چوہدری سالک پسوال)جہلم کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف احتجاجی ریلی، ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے قیادت کی، ریلی کا مقصد احتجاج ریکارڈ کروانا اور کشمیریوں سے اظہار یک جہتی ہے تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے 5 اگست 2019 کے اقدامات کے خلاف ایک ریلی کا انعقاد ڈی سی دفتر جہلم سے پریس کلب تک کیا گیا جس میں تمام ضلعی محکموں کے افسران ملازمین اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام کی حق تلفی اور ان کو اقلیت میں بدلنے کے مذموم مقاصد حاصل کرنے کی کوشش کی جس کے خلاف دنیا بھر میں احتجاج جاری ہے اور ہماری آج کی ریلی کا مقصد یہ پیغام دینا ہے کہ پوری پاکستانی قوم بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف ہم آواز ہے اور کوئی بھی پاکستانی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے خلاف اقدامات کو تسلیم نہیں کرے گا کشمیر کی آزادی تک ہم اپنے بھائیوں کی ہر قسم کی حمایت جاری رکھیں گے۔