منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں مسلسل متحرک،پٹرول پمپس مالکان کو اوور چارجنگ اور پیمانوں میں گڑ بر کرنے اور دکانداروں کو گوشت، فروٹ اورسبزی مہنگے داموں فروخت کرنے پر مجموعی طور پر ایک لاکھ 48ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ نے میانوال اور نین رانجھا میں مختلف پیٹرول پمپس کو اچانک چیک کیا، چیکنگ کے دوران 4مختلف پٹرول پمپس کی جانب سے اوورچارجنگ، پیمانوں میں گڑ بڑ اور دیگر بے ضابطگیوں پرپٹرول پمپس مالکان کو مجموعی طور پرایک لاکھ 40ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کا کہنا تھا کہ صارفین کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، ناپ تول اور اوزان میں پیمائش پر گڑ بڑ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔آئندہ چیکنگ کے دوران خلاف ورزیوں کے مرتکب پائے جانے والوں کو بھاری جرمانے کئے جائیں گے اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانا پڑے گی۔بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے نین رانجھا میں گوشت، فروٹ اور سبزی کی دکانوں پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو چیک کیا۔ انہوں نے مہنگے داموں سبزی اور گوشت فروخت کرنے والے دکانداروں کو8 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی مہنگے داموں اشیائے خوردونوش فروخت کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔





