جولائی 17, 2026

پاکستان فیڈریشن بیس بال نے غیرملکی بیس بال کوچ کی خدمات حاصل کرلیں

لاہور(پرویز شیخ) پاکستان فیڈریشن بیس بال نے غیرملکی بیس بال کوچ کی خدمات حاصل کرلیں۔پاکستان ٹیم کی ایشین انڈر 18 بیس بال چیمپیئن شپ کی ٹریننگ کے لیئے جاپانی کوچ یوکی ناگا سے معائدہ طے پاگیا ہے۔سیکریٹری جنرل پاکستان فیڈریشن بیس بال سید فخر علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انکا کہنا ہے کہ جاپانی کوچ یوکی ناگا پچنگ کے شعبے میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور وہ ایشین انڈر 18 بیس بال چیمپیئن شپ میں پاکستان ٹیم کی کوچنگ کریں گے۔ مذکورہ ایونٹ ستمبر کے پہلے ہفتے میں تائیوان میں منعقد ہوگا جس میں پاکستان کی ٹیم بھرپور انداز میں شرکت کریگی۔میڈیا مینیجر  پاکستان فیڈریشن بیس بال پرویز احمد شیخ کے مطابق سید فخر علی شاہ نے ایشین انڈر 18 بیس بال چیمپیئن شپ کی ٹریننگ کے لیئے 22 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے جن میں سے 18 منتخب کھلاڑی تائیوان میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ مذکورہ کھلاڑی انڈر 12, انڈر 15، نیشنل چیمپیئن شپ، انٹر بورڈز اور انٹر یونیورسٹی ایونٹس میں شرکت کا تجربہ رکھتے ہیں اور جاپانی کوچنگ انکے اور پاکستان کے مستقبل کے لیئے سودمند ثابت ہوگی۔ اس ضمن میں سید فخر علی شاہ کے اہم اور جرآئتمندانہ اقدامات کو پاکستان بھر کے بیس بال اور اسپورٹس حلقوں سے پذیرائی مل رہی ہے اور پاکستان بیس بال کی دنیا میں تیزی سے مقبولیت حاصل کررہا ہے۔ وہ اس سے قبل بھی جاپان اور امریکہ سمیت کئی ممالک کے کوچز کی خدمات حاصل کرچکے ہیں۔