جہلم(چوہدری دانیال عابد)جہلم شہر میں بارشوں کے موسم میں سٹریٹ لائٹس کا نظام بری طرح متاثر، سڑکوں، گلیوں، بازاروں اور اوور ہیڈ برج پر سر شام اندھیرے کا راج چھانے لگا،چوروں ڈاکوؤں اور نشئیوں کی موجیں لگ گئیں۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ الیکٹرک سٹی کی عدم توجہی اور نا اہلی کے باعث بارشوں کے موسم میں شہر کی سڑکوں، گلی، محلوں، بازاروں سمیت اوور ہیڈ برج پر نصب سٹریٹ لائٹس کا نظا م بری طرح متاثر ہو چکا ہے، شہر بھر کی گلیوں، بازاروں اور جی ٹی روڈ مجاہدآباد اوور ہیڈ برج پر سر شام اندھیرہ چھا جانے سے شہریوں کو آمدروفت میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔جس کے باعث جرائم پیشہ عناصر اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے شہریوں سے جمع پونجی چھین لیتے ہیں۔میونسپل کمیٹی نے شہریوں کے مسائل سے مکمل لا تعلقی اختیار کررکھی ہے جس کی وجہ سے شہر میں چوروں ڈاکوؤں نے اپنی الگ بادشاہت قائم کررکھی ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر، ایڈمنسٹریٹر ایم سی سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر کی سٹریٹ لائٹس کی بد حالی پر نوٹس لیتے ہوئے سٹریٹ لائٹس کی بحالی کو یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔





