جون 2, 2026

جہلم:میونسپل کمیٹی کی ملی بھگت،اولڈ جی ٹی روڈ، سول لائن روڈ پر موجود ریڑھی بانوں اور بھکاریوں کو سول کلب اور جم خانہ کے باہر ڈیرے لگوا دیئے

جہلم(رپورٹ چوہدری عابد محمود)جہلم میونسپل کمیٹی میں کرپشن عروج پر،اولڈ جی ٹی روڈ، سول لائن روڈ پر موجود ریڑھی بانوں اور بھکاریوں کو سول کلب اور جم خانہ کے باہر ڈیرے لگوا دیئے، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا، تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ نے اولڈ جی ٹی روڈ اور سول لائن روڈ پر سبزی، فروٹ فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں، لوڈر رکشہ،سمیت بھکاریوں کو اندرون شہر سے سول کلب اور جم خانہ کے باہر منتقل کردیا۔نیا ریڑھی بازار قائم ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں سخت دشواری کا سامنا کرنا پڑرہاہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ نے ریڑھی بانوں کے ساتھ ماہانہ کی بنیاد پر معاملات طے کررکھے ہیں، محرم الحرام شروع ہوتے ہی میونسپل کمیٹی کے شعبہ انکروچمنٹ کے عملے نے اپنی دیہاڑیاں زندہ رکھنے کے لئے ریڑھی بانوں،لوڈر رکشہ ڈرائیوروں اور بھکاریوں کو سول کلب اور جم خانہ کے باہر منتقل کردیاہے جس کیوجہ سے ضلع کچہری، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس وٹنری ہسپتال، ایڈوائزر صوبائی محتسب پنجاب، سی ای او ہیلتھ، سی ای او ایجوکیشن ڈسٹرکٹ جیل، ضلعی دفتر محکمہ زراعت، جہلم پریس کلب، سمیت سرکاری و نجی اداروں میں آنے والے سائلین کو آمدورفت میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، شہری تنظیموں کے عمائدین نے ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی سے مطالبہ کیاہے کہ ضلع کچہری کے چاروں اطراف موجود ریڑھی بانوں لوڈر رکشہ ڈرائیوروں اور بھکاریوں کو کارروبار کرنے پر پابندی عائد کی جائے تاکہ شہریوں کو پیش آنے والی مشکلات میں کمی واقع ہو سکے۔