اپریل 19, 2026

منڈی بہاؤالدین: ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ضلع منڈی بہاؤالدین میں گندم کٹائی مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے ضلع منڈی بہاوالدین میں گندم کٹائی مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے چیلیانوالہ سیڈ فارم کے مقام پر خود گندم کی کٹائی کر کے افتتاح کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ذوالفقار احمد، ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گجرات ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ،ڈائریکٹرفارم اینڈ ٹریننگ گوجرانوالہ ڈاکٹر مزمل حسین کاہلوں،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع)شیخ محمد اقبال سمیت دیگر افسران اور کاشت کاران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے کوشاں ہے، زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، ہمارا کاشتکار خوشحال ہو گا تو ملک ترقی کرے گا۔ گندم کی کٹائی کاشتکاروں کیلئے خوشحالی کا پیغام ہے، امسال گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کی توقع ہے۔ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گجرات اورڈائریکٹرفارم اینڈ ٹریننگ گوجرانوالہ نے شرکاء کو زراعت کی اہمیت، پیداواری مقابلہ جات،حکومت پنجاب کی جانب سے تفویض کردہ بیج بارے آگاہی دی۔انہوں نے بتایا کہ ضلع منڈی بہاوالدین میں حکومتی پالیسی کے تحت گندم خریداری مہم کاجلد آغاز کر دیا جائے گا۔ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت کسانوں بالخصوص چھوٹے کاشتکاروں کیلئے باردانہ کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنا دیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کسانوں کے دیگر مسائل اور جائز مطالبات کو جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔