اپریل 18, 2026

کراچی ایئر پورٹ پر بچی پر تشدد کرنے والا افسر نوکری سے برطرف

کراچی ایئر پورٹ پر بیرون ملک سے آئے والد کو دیکھ کر بے ساختہ بھاگنے والی بچی کے بال پکڑ کر دھکا دینے والے اے ایس ایف سب انسپکٹر کو نوکری سے برخاست کردیا گیا ہے۔ ملوث افسر کے خلاف محکمانہ قوانین کے تحت مزید سخت ترین کارروائی بھی کی جا رہی ہے۔ اے ایس ایف حکام کے مطابق سب انسپکٹر شعبان پنجاب کے علاقے کمالیہ سے تعلق رکھتا ہے جو اے ایس ایف میں 35 سالہ ملازمت مکمل کر چکا ہے، شعبان واقعے کے وقت کراچی ایئر پورٹ پر بین الاقوامی آمد کے خارجی گیٹ کا انچارج تھا۔ حکام کے مطابق بچی کو بالوں سے پکڑ کر دھکا دینے کا واقعہ 10 مارچ کو دوپہر 12 بج کر 50 منٹ پر پیش آیا تھا۔ اے ایس ایف حکام کے مطابق اس سلسلے میں کوئی شکایت سامنے نہیں آئی، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو شعبان کے خلاف محکمانہ کاروائی کی گئی، اس سلسلے میں سوشل میڈیا پر ایک خط بھی وائرل ہو رہا ہے۔