ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں کی کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے ریفرنس میں پرویز الہٰی اور دیگر ملزمان پر آج بھی فردِ جرم عائد نہ ہو سکی۔احتساب عدالت لاہور میں سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی و دیگر ملزمان کے خلاف ترقیاتی منصوبوں میں مبینہ اربوں کی کرپشن اور کک بیکس وصول کرنے کے نیب ریفرنس پر سماعت ہوئی۔پرویز الہٰی اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد نہیں ہو سکی، بعد ازاں احتساب عدالت نے ریفرنس پر سماعت 18 اپریل تک ملتوی کر دی۔یاد رہے کہ سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی اور مونس الہٰی سمیت دیگر ملزمان کے خلاف گجرات میں تعمیراتی ٹھیکوں میں کرپشن و کک بیکس کے الزامات کی تحقیقات مکمل کرنے کے بعد نیب نے 2 دسمبر کو 1 ارب 23 کروڑ روپے سے زائد کا کرپشن ریفرنس احتساب عدالت لاہور میں دائر کیا تھا۔نیب لاہور کی جانب سے دائر ریفرنس میں پرویز الہٰی اور ان کے بیٹے مونس الہٰی کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا تھا جنہوں نے ریفرنس کے مطابق 74 کروڑ 45 لاکھ روپے کے کک بیکس حاصل کیے۔ریفرنس میں مؤقف اپنایا گیا کہ پرویز الہٰی اور مونس الہٰی سمیت دیگر ملزمان قومی خزانے کو نقصان پہنچانے میں ملوث پائے گئے ہیں۔ریفرنس میں یہ بھی کہا گیا کہ پرویز الہٰی نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے کک بیکس اور رشوت وصول کی۔




