جہلم(چوہدری مہربان حسین)جہلم دریائے جہلم کے کنارے زیر تعمیرگندے پانی کو فلٹر کرنے والا ٹریٹمنٹ پلانٹ تعمیر نہ ہوسکا، نامعلوم وجوہات کی بنیاد پر کام بند، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سے فنڈز جاری کرنے اور صاف پانی ٹریٹمنٹ پلانٹ کو فعال بنانے کا مطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق حکومت نے جہلم شہر کے سیوریج والا پانی صاف کرکے دریائے جہلم میں شامل کرنے کے لئے دریائے جہلم کے کنارے ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے حوالے سے کام شروع کروایا اور باقاعدہ فنڈزمنظور کئے لیکن حکومت ختم ہوتے ہی نئی حکومت نے نامعلوم وجوہات کی بناء پر پانی فلٹر کرنے کے منصوبے پر کام بند کروادیا، جس کیوجہ سے ٹریٹمنٹ پلانٹ کے ادردگرد خود رو جھاڑیوں نے جنگل کی منظر کشی شروع کررکھی ہے جبکہ لاکھوں روپے کی لاگت سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ بھی سیاست کی نظر کردیا گیا۔ شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شہر سے سیوریج ملے پانی کو دریائے جہلم میں بہایا جا رہاہے، زہریلے پانی کیوجہ سے دریائے جہلم کا حسن ماند پڑ چکا ہے اور آبی حیات کی زندگیوں کو بھی خطرات کا سامنا ہے۔ جبکہ یہی پانی نہری نظام کے لئے بھی استعمال کیا جارہاہے اور اسی پانی سے کسان فصلیں کاشت کررہے ہیں جو کہ زہریلے پانی کیوجہ سے شہریوں میں بیماریوں کا باعث بن سکتی ہیں۔، شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیاہے کہ صاف پانی کے منصوبے ٹر یٹمنٹ پلانٹ کے لئے فنڈز جاری کئے جائیں اور ٹریٹمنٹ پلانٹ کو فعال بنایا جائے تاکہ دریائے جہلم کے پانی کو آلودہ ہونے سے بچایا جا سکے۔




