الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں 20 دسمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے تفصیلی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق دارالحکومت میں پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی اور ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک بغیر کسی وقفے کے بلاتعطل جاری رہے گا۔
انتخابی شیڈول کا اطلاق ہوتے ہی اسلام آباد میں تمام تر تقرریوں اور تبادلوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے کاغذاتِ نامزدگی 2 سے 6 نومبر تک وصول کیے جائیں گے، جس کے بعد 9 سے 13 نومبر تک کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد امیدوار ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کر سکیں گے، جن پر فیصلے 19 سے 23 نومبر کے درمیان کیے جائیں گے۔ امیدوار 25 نومبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ 26 نومبر کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی اور اسی روز تمام امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کر دیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں مزید بتایا گیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج مرتب کرنے کا عمل 21 سے 24 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی قانون 2015 کے تحت اسلام آباد میں انتخابات کرانے کا حکم جاری کیا تھا۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے حکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرانا چاہتی، اس لیے کمیشن مجبور ہو کر انتخابات کرانے کا حکم جاری کر رہا ہے۔





