اسلام آباد: پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا سات برس طویل وقفے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کا میچ ناخوشگوار واقعے کی زد میں آ گیا، جہاں گراؤنڈ میں مداحوں کی شدید رش اور ہجوم سے تنگ آ کر بابر اعظم غصے میں آ گئے اور سیلفی کی کوشش کرنے والے ایک مداح کا موبائل فون لے کر دور پھینک دیا۔
پریزیڈنٹ ٹرافی گریٹ ون فرسٹ کلاس کے چوتھے راؤنڈ کے دوران اسلام آباد کے ڈائمنڈ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں بابر اعظم ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔ او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم اسٹیٹ بینک کے خلاف صرف 21 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ میچ کے دوران فیلڈنگ کے وقت بھی شائقین بار بار سیلفیز لینے کے لیے میدان میں گھس آتے رہے۔
آؤٹ ہونے کے بعد جب وہ پویلین کی طرف واپس جا رہے تھے تو مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے انہیں گھیر لیا۔ سیکورٹی کے نامناسب انتظامات اور ہجوم کی یلغار دیکھ کر بابر اعظم کا صبر جواب دے گیا، اور انہوں نے غصے میں ایک مداح کا موبائل فون زمین پر پھینک دیا۔ اس دوران شدید رش سے بچنے کے لیے قومی ٹیم کے کپتان کو ڈریسنگ روم کی جانب دوڑ بھی لگانا پڑی۔





