اکتوبر 1, 2026

ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کا خدمت مرکز کھاریاں کا دورہ، شہریوں کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد نے خدمت مرکز کھاریاں کا اچانک دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی مختلف پولیس سروسز اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دورے کے دوران ڈی پی او گجرات نے تمام شعبوں کا معائنہ کیا اور عملے کو ہدایت کی کہ وہ آنے والے شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں تاکہ کسی بھی فرد کو دشواری کا سامنا نہ کرناپڑے اور انہیں بہترین سہولیات بروقت فراہم کی جا سکیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او گجرات فیصل شہزاد کا کہنا تھا کہ گجرات پولیس عوام کی خدمت اور انہیں قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بہترین پولیس سروسز کی فراہمی کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خدمت مراکزمیں شفافیت، میرٹ اور خوش اخلاقی کو فروغ دینا ان کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔