ستمبر 22, 2026

جے یو آئی کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی، ملک میں مہنگائی اور گورننس کا بحران ہے: مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ جے یو آئی کے بغیر حکومت نہ بنتی ہے اور نہ ہی چل سکتی ہے، پیپلزپارٹی کے الگ ہونے سے یہ اقلیت کی حکومت رہ جائے گی، تاہم اپوزیشن ابھی تحریک عدم اعتماد کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ انہوں نے پارلیمانی نظام کے استحکام میں رکاوٹ، بڑھتی ہوئی مہنگائی، سندھ اور بلوچستان میں حکومتی رٹ کے فقدان، اسٹریٹ کرائمز، بینک ڈکیتیوں اور سینیٹر کو چین جانے سے روکے جانے کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں احتجاج کے اعلان پر کنٹینرز لگانا اور وزرا کو راستوں میں روکنا زیادتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی اور عوام کے دکھوں کا مداوا نہیں ہو رہا، سعودی عرب کے ساتھ معاہدے کو آگے بڑھنا چاہیے تھا جس میں مصر اور ایران کو بھی شامل کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ ہم صوبوں کے حقوق کی آئینی جنگ لڑیں گے کیونکہ صوبائی وسائل کے اصل مالک وہاں کے عوام ہیں۔