ستمبر 18, 2026

سرکاری جہاز کا خرچہ جیب سے ادا کیا، عوام کو جوابدہ ہوں کسی یوٹیوبر کو نہیں: مریم نواز

ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سرکاری جہاز کے استعمال پر ہونے والی شدسد تنقید کا تفصیلی اور کرارا جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں شرکت کے لیے سرکاری طیارے سے سفر کرنے پر بلاوجہ تنقید کی جا رہی ہے، حالانکہ اس سفر کے تمام تر پونے 3 کروڑ روپے کے اخراجات انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ طیارہ مریم نواز کا نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کے پاس جہاز موجود ہیں، مگر تنقید صرف ان پر کی جاتی ہے کیونکہ وہ کام کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ صرف عوام کو جوابدہ ہیں کسی یوٹیوبر کو نہیں، اور تنقید کرنے والوں سے ان کی صحت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ وہ طیارے میں بھی ہوں تو ان کا دفتر مسلسل چلتا رہتا ہے، اور عوام کی خوشحالی کے لیے جہاں جانا پڑا وہ ضرور جائیں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے خیبرپختونخوا کی قیادت کے حالیہ دورۂ پنجاب کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے مکمل ناکام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے کچھ افراد پنجاب پر حملہ کرنے کی نیت سے آئے تھے لیکن پنجاب کے عوام نے انہیں پہچاننے سے انکار کر دیا اور وہ سڑکوں پر بیٹھے رہے، بعد میں جب مسترد ہوئے تو خودساختہ اغوا کی کہانی بنائی۔ مریم نواز نے صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "اپنا گھر، اپنی چھت” اسکیم پر 300 ارب روپے لاگت آ رہی ہے، صوبے کے ہر ضلع میں گرین بسیں چلائی جا رہی ہیں اور مجموعی طور پر 3 ہزار الیکٹرک بسیں عوام کو فراہم کی جائیں گی۔ اس کے علاوہ طلباء کو ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس دی جا رہی ہیں اور اسپتالوں میں کینسر کی مہنگی ترین مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ لوگ مقدمات یا دھمکیوں سے ڈرانے کی کوشش نہ کریں، وہ ڈرنے والی نہیں ہیں اور عوام کی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔