ستمبر 16, 2026

کھاریاں میں شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ، کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی کی کھاریاں میں کھلی کچہری

کھاریاں (ایم عمر) وزیراعلیٰ پنجاب کے عوام کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کرنے کے وژن اور ہدایات کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی کی جانب سے ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین قریشی کے ہمراہ تحصیل کھاریاں کے شہریوں کے مسائل سننے اور ان کے فوری ازالے کے لیے میونسپل کمیٹی آفس کھاریاں میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔کھلی کچہری میں شہریوں کی جانب سے مجموعی طور پر 20 درخواستیں پیش کی گئیں، جن میں مختلف محکموں سے متعلق مسائل اور شکایات شامل تھیں۔ کمشنر محمد علی نے شہریوں کے مسائل براہ راست سنے اور متعلقہ افسران کو درخواستوں پر موقع پر ہی کارروائی اور فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔ ایک درخواست پولیس سے متعلق تھی جبکہ دیگر درخواستوں کا تعلق مختلف سرکاری محکموں سے تھا۔کمشنر محمد علی نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد شہریوں کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے ان کے مسائل براہ راست موقع پر سننا اور فوری ریلیف فراہم کرنا ہےوزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ہر تحصیل میں کھلی کچہریوں کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے تاکہ عوامی مسائل کا بروقت حل یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو وقاص اور اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں کی شکایات سننے اور ان کے فوری ازالے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔بعد ازاں کمشنر محمد علی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھاریاں شہر کے اہم شہری مسائل کے حوالے سے بھی اظہار خیال کیا۔ انہوں نے پارکنگ کے مسائل، تجاوزات کے خاتمے اور شہر کی سڑکوں کی صورتحال سمیت دیگر عوامی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر نے واضح کیا کہ کھلی کچہری میں موصول ہونے والی تمام درخواستوں پر متعلقہ افسران کو فوری کارروائی اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ درخواستوں پر پیش رفت کی نگرانی بھی کی جائے گی۔کھلی کچہری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو گجرات وقاص صفدر سکندری، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں محمد وقاص، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی کھاریاں چوہدری خاور گجر، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سید اعتزاز احمد سمیت ضلعی و تحصیل افسران نے شرکت کی۔