ستمبر 12, 2026

ہم قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے، بھٹو کے پاکستان میں دھکیلا گیا: خالد مقبول صدیقی

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ہجرت کر کے قائد اعظم کے پاکستان میں آئے تھے، لیکن ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیل دیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے صرف اور صرف انتظامی یونٹس ہیں، دھرتی ماں صرف پاکستان ہے اور صوبوں کی تقسیم کو غداری قرار دینا سب سے بڑی غداری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ہمارے موقف کی تائید کر رہی ہیں اور سندھ کے شہری علاقوں کا سب سے زیادہ استحصال ہوا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے مطالبہ کیا کہ ہمیں ہمارا صوبہ دیا جائے تاکہ ہم آرٹیکل 140 اے خود نافذ کر سکیں، جبکہ پورے ملک میں آبادی کے لحاظ سے نئے صوبے بنائے جانے چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی آبادی اس وقت دو کروڑ سے زائد ہے، لہٰذا ریاست پہلے شفاف مردم شماری کروائے اور اس کی روشنی میں ایمانداری کے ساتھ ووٹر لسٹیں تشکیل دے۔