امریکی فورسز کی جانب سے ایرانی خام تیل بردار بحری جہازوں کو تباہ کیے جانے کے جواب میں ایران نے بڑے پیمانے پر جوابی اقدامات کرتے ہوئے میزائلوں کی بارش کر دی ہے۔ پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے امریکی بحریہ کے 2 ڈسٹرائیرز کے ساتھ ساتھ خلیج میں 2 امریکی بحری جہازوں اور 8 آئل ٹینکروں کو نشانہ بنایا ہے۔ مزید برآں، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کا کہنا ہے کہ اردن میں قائم امریکی ایئربیس پر ایف-35 اور ایف-15 جنگی طیاروں کے ہینگرز پر بھی میزائل داغے گئے ہیں، تا کہ دشمن سے انتقام لیتے ہوئے اسے غیر معمولی نقصان سے دوچار کیا جا سکے۔ ایرانی بحریہ نے کویت اور بحرین کی بندرگاہوں سے تمام آئل ٹینکرز کے عملے کو فوری انخلا کی تنبیہ بھی جاری کی ہے۔
دوسری جانب، روسی میڈیا کے مطابق اردن میں پینٹاگون کا ایئر ڈیفنس نظام ایرانی میزائلوں کو فضا میں ہی روکنے کے لیے مکمل طور پر فعال ہو چکا ہے۔ اس حوالے سے اردنی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے کل 20 میزائل داغے جن میں سے 18 کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ 2 میزائل آبادی سے دور کھلے علاقے میں گرے۔ اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے اعلان کیا تھا کہ امریکی فورسز نے ایران کے 5 خام تیل بردار بحری جہاز تباہ کر دیے ہیں۔ سینٹکام کا موقف تھا کہ یہ اقدام پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے دو روز میں امریکی بحری جنگی جہاز کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کی ناکام کوششوں کے جواب میں اٹھایا گیا تھا۔



