کھاریاں (طاہر اقبال) محنت کا ثمر ہمیشہ کامیابی کی صورت میں ملتا ہے، یہ بات پرنسپل سید محسن نصیر شاہ نے گورنمنٹ ہائی سکول کھاریاں میں یومِ آزادی کے موقع پر میٹرک رزلٹ 2026 کے تناظر میں علاقہ بھر میں سکول کے نمایاں رزلٹ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس تقریب میں میٹرک میں فرسٹ، سیکنڈ اور تھرڈ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے، جس میں اساتذہ، طلبہ اور والدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
میٹرک کے امتحانات میں فرسٹ پوزیشن ریحان شاہد عمران نے 1036 نمبر حاصل کر کے کی، جبکہ سیکنڈ پوزیشن محمد طلحہ نے 1004 نمبر اور تھرڈ پوزیشن احمد رضا نے 953 نمبر حاصل کر کے کی، جنہیں تقریب میں انعامات دیے گئے اور تمام کامیاب ہونے والے طلبہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی گئی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سید محسن نصیر شاہ نے کہا کہ اللہ تعالی محنت کا ثمر ہمیشہ کامیابی کی صورت میں عطا کرتا ہے۔ میٹرک کے امتحان میں گورنمنٹ ہائی سکول کھاریاں نے نہ صرف کھاریاں شہر بلکہ علاقہ بھر کے سرکاری سکولوں میں 88 فیصد شاندار رزلٹ کے ساتھ نمایاں پوزیشن حاصل کی ہے۔



