ایمسٹرڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ویلز کے خلاف پہلے برتری حاصل کی تاہم پھر بھی میچ میں فتح حاصل کرنے میں ناکام رہا۔ پہلے کوارٹر کے ابتدائی لمحات میں پاکستان کے لیے عبدالرحمان نے گول کیا، جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہا۔
دوسرے کوارٹر میں ویلز نے پہلے پنالٹی کارنر اور پھر فیلڈ گول بنا کر اپنی برتری کو 1-2 کر دیا، جو دوسرے کوارٹر تک برقرار رہی۔ تیسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ بنا سکی۔ چوتھے کوارٹر میں پاکستان نے سفیان کے پنالٹی کارنر پر گول کے ساتھ مقابلہ 2-2 گول سے برابر کیا، جس کے بعد رانا وحید نے پاکستان کے لیے تیسرا گول کر دیا۔
چوتھے کوارٹر میں ویلز نے پنالٹی اسٹروک پر مقابلہ پھر 3-3 گول سے برابر کیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔ گروپ “ڈی” میں پہلے میچ میں پاکستان کو انگلینڈ نے 1-4 سے شکست دی تھی جبکہ ویلز کے خلاف پاکستان ہاکی ٹیم نے گول کرنے کے کم از کم آدھے درجن مواقع ضائع کیے۔ پاکستان ہاکی ٹیم اب گروپ “ڈی” میں آخری میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 19 اگست کو کھیلے گی۔



