جہلم (محمد زاہد خورشید ) حرمِ کعبہ کے مقدس جوارمیں تین عظیم عسکری و سیاسی اسلامی قوتوں کے مابین منعقدہ حالیہ دفاعی معاہدہ اخوتِ اسلامی کا ایک بے مثل مظہر، امتِ مسلمہ کے تابناک مستقبل کا ضامن اور کاروانِ اتحادِ امت کی سمت میں ایک تاریخی سنگِ میل ہے، یہ دور رس اور جرات مندانہ اقدام ان شاء اللہ العزیز مسلم اُمہ کی سیکیورٹی اور خود مختاری کا ناقابلِ تسخیر حصار ثابت ہوگا، عالمِ اسلام کو فکری و عسکری جمود سے نکال کر نئی آفاقی جہتوں پر گامزن کرے گا اور عالمی منظرنامے پر طاقت کے توازن کو تبدیل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے ایک اخباری بیان میں کیا۔ انہوں نے معاصر عالمی سیاست کے پُرآشوب منظرنامے اور ملتِ اسلامیہ کو درپیش ہمہ جہت، سنگین چیلنجز پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت باطل اور استعماری قوتیں مسلمانوں کے وسائل پر قابض ہونے اور ان پر اپنا سیاسی و تہذیبی تسلط قائم کرنے کے لیے ہر محاذ پر مکروہ سازشوں کے جال بُن رہی ہیں۔ مسلکی تفریق اور داخلی انتشار کے اس تاریک دور میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین یہ تزویراتی (Strategic) اور دفاعی تعاون مایوسیوں کے اندھیروں میں امتِ مسلمہ کے لیے ایک سچی نویدِ سحر اور بے پناہ خوش آئند قدم ہے۔امامِ کعبہ فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے بھی اس معاہدے کے حوالے سے خوبصورت اور جاندار بیان دیا ہے کہ اس پاکیزہ اور مقدس ماحول میں اس نوعیت کے اہم معاہدے کا طے پا جانا بذاتِ خود خصوصی برکات اور غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے بیان کے اختتام پر ارضِ پاک کی عظمت کا احاطہ کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ علاقائی و بین الاقوامی بساط پر پاکستان کی جغرافیائی و سٹرٹیجک اہمیت روزِ روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے۔ ایک طرف جہاں بھارت مشرقِ وسطیٰ میں خود کو ایک فرضی ہیرو کے روپ میں پیش کرتے ہوئے مکارانہ چالیں چل رہا تھا اور اپنی جھوٹی چودھراہٹ کے خواب دیکھ رہا تھا، وہیں اب عالمی منظرنامے پر پاکستان کی بے پناہ عسکری و دفاعی صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا جا رہا ہے جس نے بھارت کے دانت کھٹے کر دیے ہیں اور اس کے مبالغہ آمیز دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے۔ اس سہ ملکی دفاعی اسٹریٹجی سے جہاں عالمِ اسلام کو استحکام ملے گا، وہاں ہماری اپنی ملکی سرحدوں کا دفاع بھی ہمیشہ کے لیے ناقابلِ تسخیر ہو جائے گا۔ ہم اس عظیم، مخلصانہ اور تاریخی دفاعی کڑی کو مضبوط کرنے پر وزیراعظمِ پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور سپہ سالارِ پاکستان، جنرل سید عاصم منیر کی سٹرٹیجک بصیرت، انتھک محنت اور مخلصانہ کاوشوں کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں اور اس بے مثال کامرانی پر پوری پاکستانی قوم اور ملتِ اسلامیہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔



