ستمبر 10, 2026

ملک بھر میں ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی اضافہ، پیاز، مرغی اور آٹا مزید مہنگے

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں 0.28 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ملک بھر میں 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ 9 اشیاء سستی اور 22 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اس دوران پیاز 10.1 فیصد اور مرغی 9.19 فیصد تک مہنگی ہوئی، اس کے علاوہ دال چنا، گھی اور آٹے سمیت کئی روزمرہ استعمال کی چیزیں بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل رہیں۔ دوسری جانب ٹماٹر 6.82 فیصد سستے ہوئے جبکہ ایل پی جی، چینی، انڈے اور آلو کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔

رپورٹ کے مطابق آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت میں ایک ہفتے کے دوران 100 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں آٹا مہنگے داموں فروخت ہو رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق اسلام آباد میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 ہزار 133 روپے، راولپنڈی میں 3 ہزار 93 روپے، پشاور میں 3 ہزار 100 روپے، اور کراچی میں 3 ہزار روپے تک جا پہنچا ہے۔ اسی طرح بنوں میں آٹے کا تھیلا 2 ہزار 950 روپے، بہاولپور میں 2 ہزار 960 روپے، جبکہ لاہور میں 2 ہزار 300 اور فیصل آباد میں 2 ہزار 200 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔