جولائی 17, 2026

فیفا ورلڈ کپ: جشن کے دوران سیاسی بینر لہرانے پر ارجنٹائن کی ٹیم تادیبی کارروائی کے خطرے سے دوچار

فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 1-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار فائنل میں پہنچنے والی ارجنٹائن کی فٹ بال ٹیم ممکنہ تادیبی کارروائی کے خطرے سے دوچار ہے۔ میچ کے بعد جشن کے دوران کھلاڑیوں کی جانب سے فاک لینڈ (مالویناس) جزائر کے حوالے سے سیاسی بینر لہرانا فیفا کے قوانین کی خلاف ورزی تصور کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ارجنٹائن کے کھلاڑیوں نے میدان میں ایک بینر چھوڑا جس پر ہسپانوی زبان میں ‘فاک لینڈ جزائر ارجنٹائن کے ہیں’ تحریر تھا۔ اگر فیفا اس اقدام کو سیاسی پیغام قرار دیتی ہے تو ارجنٹائن کی ٹیم کو بھاری جرمانے یا دیگر تادیبی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یاد رہے کہ 2014 میں بھی ارجنٹائن کی فٹ بال ایسوسی ایشن پر اسی قسم کے بینر لہرانے پر 20 ہزار پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ سیمی فائنل سے قبل ارجنٹائن کے کوچ نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ یہ میچ سیاسی رنگ نہ اختیار کر لے، تاہم کھلاڑیوں کے اس اقدام نے فاک لینڈ کے دیرینہ تنازع کو دوبارہ عالمی توجہ کا مرکز بنا دیا ہے۔

فاک لینڈ (مالویناس) تنازع کیا ہے؟

جنوبی بحر اوقیانوس میں واقع یہ جزائر ارجنٹائن کے ساحل سے تقریباً 300 میل اور برطانیہ سے 8 ہزار میل کی دوری پر واقع ہیں۔ دونوں ممالک ان جزائر پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہیں۔ 1982 میں اس تنازع پر دونوں ملکوں کے درمیان جنگ بھی ہوئی تھی، جس میں ڈھائی ماہ کے دوران ارجنٹائن کے 655 اور برطانیہ کے 255 فوجی ہلاک ہوئے تھے۔