جولائی 14, 2026

کوہاٹ میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 11 افراد جاں بحق، کئی زخمی؛ بارشوں کا سلسلہ جاری

کوہاٹ کے نواحی پہاڑی گاؤں مالگین میں شدید بارش کے دوران ایک کچے مکان کی چھت گرنے سے المناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گھر میں ایک تقریب جاری تھی، ملبے تلے دب جانے والوں کو نکال کر فوری طور پر طبی امداد کے لیے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں میں بھی خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔

دوسری جانب، شدید بارشوں کے باعث اٹک میں دیوار گرنے سے 5 افراد زخمی ہوئے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقوں میں برساتی ندیوں میں طغیانی آگئی ہے۔ بارش اور خراب موسم کے باعث ملتان، ڈی جی خان اور مظفرگڑھ کے متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔