جولائی 12, 2026

کابینہ میں بڑی تبدیلیوں کی تیاری: وزیراعظم شہباز شریف کا کارکردگی پر عدم اطمینان، نوجوان اور نئے چہروں کو شامل کرنے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل اور نوجوان و نئے چہروں کو شامل کیے جانے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے اس سلسلے میں اپنے قریبی رفقاء سے مشاورت مکمل کر لی ہے، جس کے بعد محنتی، متحرک اور نتائج دینے والے ارکان کو آگے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نئے شامل ہونے والے ان ارکانِ پارلیمنٹ کو وزیرِ مملکت کے عہدے دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ قومی خزانے پر بوجھ کم کرنے کے لیے بعض وزارتوں میں فوری اور اہم اصلاحات لانے پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے بعض وفاقی وزارتوں، خصوصاً وزارت تجارت، وزارت صنعت و پیداوار اور وزارت آبی وسائل کی کارکردگی پر شدید عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ملک کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ نہ ہونے اور چاول، آلو اور پھلوں کی برآمدات میں مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہونے پر گہری تشویش اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ اس کمزور کارکردگی اور خامیوں کو دور کرنے کے لیے اب عملی اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، کیونکہ وزیراعظم کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کرنے اور سخت جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔