جون 18, 2026

پاکستانیوں کا بیرون ملک جانے کا رجحان برقرار: مئی 2026 تک پونے 3 لاکھ سے زائد افراد روزگار کے لیے روانہ، بیورو آف امیگریشن نے ڈیٹا جاری کر دیا

بیورو آف امیگریشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق رواں سال مئی 2026 تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 78 ہزار 536 پاکستانی ملازمتوں کی غرض سے بیرون ملک جا چکے ہیں۔ اس سرکاری ڈیٹا کے مطابق ملک چھوڑنے والوں میں سب سے بڑی تعداد مزدوروں اور ڈرائیورز کی ہے، جن میں 1 لاکھ 72 ہزار 6 مزدور اور 52 ہزار 652 ڈرائیورز شامل ہیں۔ تاہم، پاکستان سے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی بیرون ملک منتقل ہوئی ہے، جن میں مئی تک 2 ہزار 341 انجینئرز، 1 ہزار 284 ڈاکٹرز اور 487 نرسز روزگار کے لیے بیرون ملک روانہ ہوئیں۔

رپورٹ میں ان ممالک کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں جہاں پاکستانیوں کو سب سے زیادہ ملازمتیں ملیں۔ روایتی طور پر سعودی عرب سرفہرست رہا جہاں اس سال 1 لاکھ 59 ہزار 144 افراد گئے، جبکہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات (یو اے ای) رہا جہاں 50_574 پاکستانی منتقل ہوئے۔ اس کے علاوہ 30 ہزار 312 افراد قطر، 1 ہزار 234 برطانیہ، 357 امریکا، 86 ہانگ کانگ اور 23 پاکستانی ملازمت کی غرض سے ایران روانہ ہوئے۔ ماہرین کے مطابق یہ اعدد و شمار ملک میں روزگار کے مواقع کی کمی اور بیرون ملک بہتر مستقبل کی تلاش کی عکاسی کرتے ہیں۔